
نومبر 2024 میں سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ایک اہم امریکی پاکستانی شخصیت سے ملاقات کی، جو پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعطل ختم کرنے کی کوششوں کا حصہ تھی۔ معتبر ذرائع کے مطابق، ملاقات کا مقصد عمران خان کی رہائی اور طاقتور حلقوں سے مفاہمت کی راہ ہموار کرنا تھا۔
اس ملاقات میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری تنویر احمد، تحریک انصاف یوایس اے کے عاطف خان، سردار عبدالسمیع، ڈاکٹر عثمان ملک، ڈاکٹر سائرہ بلال اور ڈاکٹر محمد منیر شامل تھے۔ یہ شخصیات گزشتہ دو دہائیوں سے عمران خان کے قریبی دوست اور مالی معاون رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، عمران خان نے مفاہمت کی ضرورت کو تسلیم کیا اور ایک بڑے عوامی لانگ مارچ کے ذریعے دباؤ بڑھانے پر اتفاق کیا۔ خیبرپختونخوا کے تین اہم رہنماؤں نے لاکھوں افراد کے ساتھ اسلام آباد مارچ کی یقین دہانی کرائی۔ بشریٰ بی بی اس حکمت عملی سے غیر حاضر تھیں۔ عمران خان نے لانگ مارچ پر توجہ دینے کے لیے امریکی پاکستانیوں سے مذاکرات عارضی طور پر روک دیے۔